بلوچستان کے علاقے قلات میں کیسکو کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ہزاروں روپے کے اضافے کے خلاف قلات شہر میں آل پارٹیز اور انجمن تاجران کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز، مارکیٹیں، چھوٹے بڑے بازار، سبزی اور گوشت منڈیاں بند رہیں اور شہر میں کاروبارِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
آل پارٹیز کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کیسکو نے صارفین کے بلوں میں اچانک غیر معمولی اضافہ کیا ہے، جس سے غریب عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق جو بل پہلے ڈیڑھ ہزار روپے آتا تھا، اب بیس ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، جو عام شہری کے بس سے باہر ہے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ اضافی بل فوری طور پر واپس لیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب، مختلف فیڈرز کی طویل بندش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت نے شہریوں کو مزید مشکلات اور اشتعال میں مبتلا کر دیا ہے۔