پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بلوچستا ن کے علاقے سوراب میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ایک پل کے نیچے نصب 8 بم برآمد کرکے ممکنہ بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ان کے مطابق برآمد کیے گئے بم ڈرموں میں نصب تھے جن کا مجموعی وزن 300 کلوگرام سے زائد تھا۔
انہوں نے کہا کہ بموں کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی۔
سیکورٹی فورسزذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ خیز مواد گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی کے دوران نصب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کل اسی مقام پر بڑی تعداد میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کرکے سنیپ چیکنگ بھی کی تھی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعہ کے بعدسیکورٹی فورسز نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔