عوامی نیشنل پارٹی کے بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بالادست اشرافیہ پہلے منظور نظر الیکٹیبلز کو رقوم دیکر کامیاب کراتے تھے اب ان سے سود سمیت وصول کرکے اسمبلیوں میں بھیجتے ہیں جس سے پارلیمان بے توقیر ہوکر رہ گیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں جعلی پارلیمان آج دن کیلئے نامزد کیا گیا ہے1947سے لیکر فارم47کے حکمرانوں تک ملک میں پولٹیکل انجنئیرنگ کرنیوالے ترقی خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ چمن سے لیکر باجوڑ گوادر سے لیکر ژوب تک عوام کی جان ومال غیر محفوظ ہے مسلط کردہ دہشت گردی وسائل لوٹنے کیلئے ہی باجوڑ آپریشن کی سب سے بڑی وجہ لیتھیم ماربل کے ذخائر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشتونوں اور بلوچوں کے وسائل ان کے لئے موت و زیست کا باعث بن رہی ہے ۔اولسی شعور کو بیدار کرنے کیلئے ہمیں آپس کے اختلافات بھلانے ہوں گے ورنہ بالادست اشرافیہ جینے کے قابل نہیں چھوڑیں گے ۔
اصغر اچکزئی نے کہا کہ ضلع زیارت ،ضلع ہرنائی سمیت بلوچستان کے 29اضلاع میں الاٹمنٹ اور انتقالات کئے گئے جس کے خلاف اولس کو ساتھ ملاتے ہوئے ہمیں ملکر جدوجہد کرنی ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل زیارت میں اے این پی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔
کانفرنس سے پشتون خوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فیاض خان سارنگزئی ضلعی سیکرٹری شاہ زمان سارنگزئی نیشنل پارٹی پشتون ریجن کے سیکرٹری ملک منور خان پانیزئی پی ٹی ایم کے مرکزی کمیٹی ممبر پارالدین کاکڑ زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنما حاجی محمد نعیم کاکڑ عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عبدالخالق دمڑاے این پی کے مرکزی نائب صدر سردار فرید اللہ خان دمڑ رکن مرکزی کمیٹی عبدالمالک پانیزئی ضلعی جنرل سیکرٹری امین اللہ پانیزئی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس کی صدارت اے این پی کے ضلعی صدر عبدالخالق دمڑ نے کی اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا صوبائی ترجمان ولی داد میانی ودیگر بھی موجود تھے۔
آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیامقررین نے کہا کہ حکمران اشرافیہ عالمی طاقتوں کیساتھ پشتونوں اور بلوچوں کی وسائل کی بنا معاہدے عمل میں لارہے ہیں زیارت ہرنائی سمیت 29اضلاع میں الاٹمنٹ اور انتقالات قبضہ گیری ہے پشتونوں کو پنجاب میں رہائش کیلئے ہوٹل فلیٹ میں رجسٹریشن کرنا پڑتا ہے جبکہ پنجابی شائونسٹ پشتون خوا اور بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ زمین الاٹ کررہے ہیں ہم بتانا چاہتے ہیں کہ یہ سرزمین ہمیں کسی نے خیرات میں نہیں دی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر ایک ایک انچ کا دفاع اور اس کا حساب لیا جائے گا خود ساختہ دہشت گردی ریاستی سرپرستی میں ہورہی ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر زیارت کو دن دیہاڑے اغوا کرنا جب ہر قدم پر چیک پوسٹیں قائم ہیں گرمی کے موسم سیاحوں کی بہت بڑی تعداد زیارت کارخ کرتے تھے لیکن بدامنی کو میڈیا پر بڑھا چڑھا کر یہاں کی اس واحد صنعت سیاحت کو ختم کیا جارہاہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ خدشات بہت سے سوالوں کو جنم دیتا ہے لہذا حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ناروا عملیات اور جنگی معیشیت کو خیرباد کہہ دیں بصورت دیگر پشتون بلوچ اقوام ہر فورم پر بھر پور قوت کیساتھ سیاسی مزاحمت کو مزید تیز تر کردیگی اور اولس میں شعور اجاگر کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو اولیت دی جائیگی جس کی اعادہ کوئٹہ پریس کلب میں ایمل ولی خان کے زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں پہلے سے ہوچکی ہے۔