امریکہ کے محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی( بی ایل اے) اور اس کے فدائی یونٹ "مجید بریگیڈ ” کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق ’مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کی سابقہ خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گردوں کی فہرست (ایس ڈی جی ٹی) میں شامل کیا جا رہا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بی ایل اے کو متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد 2019 میں ایس ڈی جی ٹی میں شامل کیا گیا تھا۔ 2019 کے بعد سے ، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے مزید حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ’ 2024 میں بی ایل اے نے دعوی کیا کہ اس نے کراچی میں ہوائی اڈے اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس کے قریب خودکش حملے کیے تھے۔ 2025 میں ، بی ایل اے نے مارچ میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کے ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس حملے میں 31 شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا اور300 سے زیادہ ٹرین مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔‘
امریکہ محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ’تنظیم کو دہشت گرد قرار دینا دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے اور دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کو روکنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔‘