بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں پاکستانی فورسز کے حمایت یافتہ گروہ اور مسلح شخص کے درمیان جھڑپ کے بعد، فورسز نے مسلح شخص کی لاش کو تحویل میں لینے کے بعد اسکے دو بھائیوں سمیت 3 افراد کو جبری لاپتہ کردیا ہے۔
مقامی میڈیاکے مطابق جھڑپ کا واقعہ گزشتہ روز شام کے وقت پیش آیا جب سرکاری حمایت یافتہ مقامی مسلح گروہ نے ایک رہائشی مکان پر حملہ کیا اس دوران وہاں موجود شخص سے جھڑپ ہوئی جس کے بعد فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق فورسز نے اس دوران جھڑپ میں ہلاک ہونے والے شخص کی لاش اپنی تحویل میں لے لی۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس جھڑپ میں جبار ولد دین محمد سکنہ تمپ ہلاک ہوا جبکہ اس کے دو بھائی، امجد ولد دین محمد اور راشد ولد دین محمد کے ساتھ ساتھ ولید ولد نظر نامی شخص کو فورسز اپنے ہمراہ لے گئیں۔
بعد ازاں یہ تینوں افراد جبری گمشدگی کا شکار ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق جھڑپ میں فورسز کے حمایت یافتہ گروہ کے ارکان کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔