پسنی دھماکہ : آئی ایس پی آر نے میجر وجاہت کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں گذشتہ دنوں ہونے والے آئی ای ڈی حملے میں میجر وجاہت وحید کی ہلاکت باضابطہ طور پر تسلیم کر لی ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشن کر رہی تھیں کہ اس دوران ایک دستے کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید ہلاک ہو گئے۔

تاہم، آئی ایس پی آر نے حملے میں صرف میجر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور دیگر اہلکاروں کے نقصان پر خاموشی اختیار کی ہے۔

دوسری جانب، اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے۔

بی ایل اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تنظیم کے اسپیشل ٹیکٹیکل آپریشنز اسکواڈ (STOS) نے پسنی کے علاقے کبڑی میں شادی کور کے قریب پاکستانی فوج کے تین گاڑیوں کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔

بی ایل اے کے مطابق اس مہلک حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور میجر وجاہت سمیت 7 پاکستانی فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

بلوچ عسکری حلقوں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج عموماً مورال برقرار رکھنے کے لیے اپنے نقصانات کو چھپاتی ہے، جبکہ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی اس طرح کی کارروائیوں کے بعد سیکورٹی فورسز میں شدید خوف, ذہنی کوفت اور فرار کی لہر دوڑ چکی ہے، جس کی کئی مثالیں کیمپوں میں خودکشیوں اور نوکریاں چھوڑنے کی صورت میں سامنے آ چکی ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article