بلوچستان کے علاقے کیچ اور نوشکی میں پاکستانی فوج اور پولیس پر مختلف حملوں میں اہلکاروں کی جانی نقصانات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ضلع کیچ کے علاقے زامران جابشان میں اتوار کے روز فورسز کے اہلکاروں کو ایک بم حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ اس وقت چوکی کے قریب پیش آیا جب اہلکار چوکی کے لیے پانی لے جا رہے تھے۔
تاحال ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تعداد کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کم از کم 2اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
اسی طرح نوشکی کے علاقے قادر آباد میں واقع پولیس تھانے پر نامعلوم افراد کی جانب سے کریکر حملہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ رات گئے تھانے کے احاطے میں ہوا، تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد تھانے کی دیوار کے قریب پھینکا گیا تھا، تاہم فوری ردعمل اور حفاظتی انتظامات کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔