بلوچستان کے علاقے وڈھ میں مینگل قبائل کا ایک جرگہ ٹکری حاجی نذیر احمد مینگل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔
جرگہ میں سندھ اور اندرون بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جرگے کے اختتام پر میزبان اور مینگل قبیلے کے سرکردہ رہنما ٹکری حاجی نذیر احمد مینگل نے شرکاء کی موجودگی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مینگل قبیلہ ہمیشہ سے امن، اتحاد اور رواداری کا علمبردار رہا ہے اور اپنی روایات کی پاسداری کرتا ہے۔
انہوں نے گزشتہ دنوں آڑینجی میں قتل ہونے والے ایک قبائلی رہنما کے مقدمے میں مینگل قبیلے کے سربراہ سردار اسداللہ مینگل، سردارزادہ گورگین مینگل، میر عبدالسلام مینگل، میر شکر خان مینگل، فاروق مینگل سمیت دیگر معززین پر درج ایف آئی آر کو بوگس اور من گھڑت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ایف آئی آر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ قبائلی و اسلامی روایات کے سراسر منافی ہے۔
جرگے کے شرکاء نے متفقہ طور پر اس ایف آئی آر کو مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی سازش کا حصہ قرار دیا۔
ٹکری حاجی نذیر احمد مینگل نے کہا کہ مینگل قبیلے کے بے گناہ اور معزز رہنماؤں کو اس ایف آئی آر میں ملوث کرکے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت گھناؤنا عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے علاقے کے امن و امان پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری ایف آئی آر درج کرانے والے قبائلی افراد پر عائد ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ مینگل قبیلہ اپنے رہنماؤں کے خلاف اس غیر منصفانہ اقدام کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مینگل کوٹ اور مینگل قبائل آپس میں متحد ہیں۔ مینگل کوٹ قبائلی روایات، رسم و رواج، جان و مال اور ننگ و ناموس کی حفاظت کی ضمانت ہے اور تمام قبائل کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینگل قبیلہ اپنے سربراہ سردار اسداللہ مینگل اور ان کے خاندان کے ساتھ ہر مشکل حالات میں شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر معاملے میں ان کا ساتھ دیتا رہے گا۔
جرگے کے شرکاء نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ سردار اسداللہ مینگل اور ان کے خاندان کے خلاف درج کی گئی جھوٹی اور بوگس ایف آئی آر کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
انہوں نے وڈھ سمیت پورے ضلع خضدار میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیئے تمام فریقین سے تعاون کی اپیل کی۔
ٹکری حاجی نذیر احمد مینگل نے کہا کہ یہ جرگہ نہ صرف اپنے رہنماؤں کے خلاف سازشوں کی مذمت کرتا ہے بلکہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران شرکاء نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موقف کو مضبوطی سے پیش کیا اور واضح کیا کہ مینگل قبیلہ قیام امن کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ امن کی بحالی کو یقینی بنائے۔