حب میں ڈکیتی کی وردات میں فائرنگ سے 3 ڈاکو ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے صنعتی علاقے حب میں بنک سے رقم نکلو کر گھر جانے والے شہری کو لوٹنے والے ڈاکوؤں اور شہری کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس سے 3ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔

شہری بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

ہلاک ڈاکوؤں کی نعشیں اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ زخمی شہری کو حب اسپتال میں علاج معالجہ کی سہولت کے فقدان کے سبب کراچی ریفر کر دیا گیا۔

مقابلہ جام کالونی میں ہوا۔

اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے وقت حب شہر کے ایک نجی بنک سے فیکٹری کنٹکریٹر غلام حسین مکسی 9 لاکھ 25 ہزار رقم لے کر گھر کی طرف جا رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح ڈاکوؤں نے جام کالونی موڑ کے قریب اسے روک کر لوٹنے کی کوشش کی تاہم شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی حفاظت کے لیے رکھے ہوئے اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 3 ڈاکو جن میں سے ایک کا نام فیاض علی ولد مورخان بتایا جاتا ہے جبکہ دیگر دو کے نام معلوم نہ ہو سکے گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ڈاکوؤں کا ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔

بعد ازاں اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی شہری سمیت ڈاکوؤں کی نعشوں کو حب اسپتال منتقل کیا گیا ۔

حب اسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے زخمی شہری کو کراچی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

ہلاک ڈاکوؤں کا تعلق اندرون سندھ سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Share This Article