تربت میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف کل 15 مئی کو مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

انجمن تاجران کیچ نے تربت شہر میں جرائم، چوری، ڈکیتی اور بدامنی کی بڑھتے ہوئے سنگین وارداتوں کے خلاف 15 مئی سے غیرمعینہ مدت کے لیے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔

تربت، انجمن تاجران کیچ نے شہر میں جرائم، چوری، ڈکیتی اور بدامنی کی بڑھتی ہوئی سنگین وارداتوں کے خلاف 15 مئی سے غیرمعینہ مدت کے لیے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کا راج قائم ہے، لیکن پولیس اور انتظامیہ نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یکسر نظرانداز کر دیا ہے۔ جرائم پیشہ گروہوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، جس کے باعث شہر میں روزانہ دن دیہاڑے ڈکیتیاں معمول بن چکی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلعی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت برت رہے ہیں اور امن و امان کی بحالی کے بجائے غیر ضروری معاملات میں الجھے ہوئے ہیں۔ نتیجتاً، نہ صرف شہری بلکہ کاروباری طبقہ بھی شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔

انجمن تاجران نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ہم اب مزید خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ اگر انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

یہ شٹرڈاؤن ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک شہر میں امن و امان قائم نہیں کیا جاتا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری، سخت اور نتیجہ خیز کارروائیاں عمل میں نہیں لائی جاتیں۔

انجمن تاجران نے واضح کیا کہ اس بار کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا، اور کوئی سیاسی یا انتظامی چال کامیاب نہیں ہوگی۔ ہم اپنے شہر، اپنے کاروبار اور اپنے لوگوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

Share This Article