سانحہ نوشکی میں ہلاکتوں کی تعداد 19 تک پہنچ گئی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ٹرک کو آگ لگنے کے واقعے کے زخمیوں میں سے مزید کی ہلاکت کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

گذشتہ تین چار روز کے دوران زیر علاج زخمیوں کی زیادہ تعداد میں ہلاکت کے باعث لواحقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

28 اپریل کو پیش آنے والے اس حادثے میں سرکاری حکام کے مطابق 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں سے اکثریت کو نوشکی میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا جبکہ 20 سے زائد شدید زخمیوں کو کوئٹہ سی ون-30 طیارے میں کراچی منقتل کیا گیا تھا۔

زخمیوں میں سے بڑی تعداد کی ہلاکت کی بازگشت پیر کی شام بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بھی سنائی دی۔

حادثے کے پہلے روز صرف ٹرک کے ڈرائیور کی ہلاکت ہوئی تھی جو کہ گاڑی میں آگ لگنے کے بعد نہیں نکل سکے تھے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شدید زخمیوں میں سے 20 سے زائد کو کراچی کے دو نجی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا جن میں سے گذشتہ تین چار روز کے دوران دس سے زائد ہلاک ہوئے۔

نوشکی پولیس کے ایس ایچ او حسن مینگل نے بتایا کہ اب تک اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

کراچی میں زیر علاج زخمیوں کے لواحقین نے سماجی رابطوں کی میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں علاج معالجے کی سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے دو تین دن کے دوران مریضوں کی بڑی تعداد کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے مناسب علاج نہ ہونے پر نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

نوشکی سے تعلق رکھنے والے رکن بلوچستان اسمبلی غلام دستگیر بادینی نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی توجہ اس جانب دلاتے ہوئے کہا کہ سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

Share This Article