ایران : بندر عباس دھماکے میںہلاکتیں 14 ہوگئیں، مہلک گیسوں کے اخراج باعث تعلیمی اداروں کی بندش کااعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

دوسری جانب بندر عباس دھماکے کے بعد مہلک گیسوں کے اخراج کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایران انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سرکاری ٹی وی پر اعلان کیا ہے کہ جنوبی ایران میں بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے۔

جبکہ ایران میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شہید رجائی بندرگاہ دھماکے میں 8 افراد ہلاک جبکہ زخمیوں کی تعداد 750 تک پہنچ گئی ہے۔

جوہری مذاکرات کے دوران شہید رجائی بندرگاہ پر دھماکے کے بعد سے اس میں اسرائیل کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم اسرائیل کے چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق ایک اسرائیلی اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کا اس دھماکے میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

تاحال اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس بارے میں باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شہید رجائی بندرگاہ پر سنہ 2020 میں اسرائیل کی جانب سے سائبر حملہ کیا گیا تھا۔ ان حملوں کو ایرانی حکام کی جانب سے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا تھا تاہم اس کے بعد اس اہم بندرگاہ پر سامان کی نقل و حرکت میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس مرتبہ اس حوالے سے قیاس آرائیاں امریکی میڈیا میں مبینہ طور پر چین سے ایران آنے والے سامان کے حوالے سے تھیں۔ اس حوالے سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کنیٹنرز میں مبینہ طور پر کیمکلز موجود تھے۔

اس حوالے تاحال کوئی مصدقہ رپورٹس موجود نہیں ہیں کہ ایسے مواد کے ویئر ہاؤسز شہید رجائی پورٹ پر موجود ہیں۔

ایرانی وزارت صحت کی جانب سے صوبے ہرمزگان کی انتظامیہ کو ایک مراسلے بھیجا گیا ہے کہ جس میں اس بات پر زور دیا ہے کہ دھماکے کے بعد صوبے کے مختلف حصوں میں امونیا، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ جیسے کیمیکلز کے اخراج کے امکان کے پیش نظر شہریوں کے لیے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا جائے۔

مراسلے میں صوبے بھر کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور کھڑکیاں دروازے بند رکھیں۔ تاہم اسی کے ساتھ ساتھ بندرگاہ کے قریب کے علاقوں میں رہنے والوں کو این 95 اور پی 2 ماسک کے استعمال کا بھی کہا گیا ہے۔

اس سلسلے میں صوبے ہرمزگان کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے ادارے کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ بندر عباس میں تمام سکول، یونیورسٹیاں اور دفاتر 27 اپریل یعنی اتوار کے روز بند رہیں گے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ ’دھماکے کی وجہ سے ماحول میں بڑھتی آلودگی کی سطح‘ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

Share This Article