ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران سے افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی باہر نہیں جائے گا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ کے مطابق ان خیالات کا اظہار محسن رضائی نے پاکستان کے مسلح افواج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے تہران میں ملاقات کے دوران کیا۔
محسن رضائی نے کہا کہ ’جب تک امریکہ اعتماد سازی نہیں کرتا، اس وقت تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ اُنھوں نے ایران کی شرائط کو پورا کرنے کو ہی اس اعتماد سازی کے عمل کا آغاز قرار دیا۔‘
محسن رضائی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی سرحدوں کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور آج صبح سے دونوں ممالک کے درمیان تمام سرحدی مقامات دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
چند گھنٹے قبل، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرحد کی بندش کی وجہ ’تکنیکی مسائل‘ بتائی تھی۔
اس دورے کے دوران، پاکستانی مسلح افواج کے سربراہ نے صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔