زامران، کولواہ اور قلات میں پاکستانی فوج کے 7 اہلکار ہلاک کئے،بی ایل اے

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں زامران، کولواہ اور قلات میں پاکستانی فوج کے 7 اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے زامران، کولواہ اور قلات میں تین مختلف حملوں کے ذریعے قابض پاکستانی فوج کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی اور براہِ راست مسلح کارروائیاں شامل تھیں، جبکہ بعض مقامات پر دشمن فوج کی حفاظتی چوکیوں پر قبضہ بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی کارروائی میں، بی ایل اے کے سرمچاروں نے زامران کے علاقے تگران، ہوکائی میں قابض پاکستانی فوج کے قافلے میں شامل ایک ٹرک کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں دشمن کے چار اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور کم از کم چار مزید زخمی ہوئے، جبکہ ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

ان کاکہنا تھا کہ دوسری کارروائی گزشتہ شب کولواہ کے علاقے رودکان میں رود کے مقام پر کی گئی، جہاں سرمچاروں نے قابض پاکستانی فوج کے کیمپ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس حملے میں دشمن کو جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ سرمچاروں نے کیمپ میں نصب جاسوسی کیمروں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تیسری کارروائی سوموار کی شب قلات کے علاقے شیخڑی، موڑگند کے مقام پر انجام دی گئی، جہاں سرمچاروں نے بیک وقت فوجی پوسٹوں اور حفاظتی چوکیوں پر جدید خودکار ہتھیاروں اور راکٹوں سے حملہ کیا۔ اس حملے میں دشمن کے تین اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ کم از کم آٹھ اہلکار مورچے چھوڑ کر فرار ہوگئے، جن میں زخمی اہلکار بھی شامل تھے۔

ترجمان نے کہا کہ حملے کے دوران دشمن فوج نے کمک کے لیے علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کی، تاہم سرمچاروں کے حملے نے انہیں مزید جانی نقصان سے دوچار کیا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی ان تمام کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔

Share This Article