عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمتیں ایشیا میں جمعرات کے روز نو فیصد بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں۔
امریکی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمت 9 فیصد بڑھ کر 95.27 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
ایران کے ساتھ اسرائیل امریکہ جنگ کے آغاز کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ تیل کی قیمت 100 ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور برطانیہ سمیت درجنوں ممالک نے ہنگامی ذخائر کی ریکارڈ مقدار جاری کرنے کا اعلان کیا، تاہم اس اقدام کے باوجود آئل کی قیمتوں میں کمی نہیں آسکی۔
یاد رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے خلاف دھمکیاں جاری رکھی ہیں، جو دنیا کے پانچویں حصے کے تیل کی ترسیل کا اہم راستہ ہے۔
واضح رہے کہ تیل کی قیمتیں اس ہفتے کے آغاز میں 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھیں اور اس کے بعد سے مسلسل شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔