بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ تربت میں ایرانی زمیاد گاڑی کو آگ لگنے سے ڈرائیور جھلس کر جان کی بازی ہار گیا۔
مکران کوسٹل ہائی وے پر واقع سپٹ کے مقام پر ہفتہ کے روز ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں چار افراد ہلاک جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، حادثہ ایک ٹرک اور چنگان کار کے درمیان تیز رفتار تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ریسپانس سینٹرز (ERC) ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ پھور، لیاری اور رسملان اسٹیشنز سے ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت زیارت خان، خیبر پختونخوا، سدیر احمد ولد شفیع محمد خیبر پختونخوا، سلیمان خیبر پختونخوا، احسان اللہ خیبر پختونخوا ہوئی ہیں۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ERC ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے میں ہلاک افراد کی شناخت تاحال جاری ہے۔
واقعے کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں تاہم پولیس اور متعلقہ ادارے تفتیش میں مصروف ہیں۔
ریسکیو 1122 اور PPHI حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب تربت کے علاقے سری کہن میں ایک ایرانی زمیاد گاڑی کو اچانک آگ لگ گئی۔
آگ اتنی شدید تھی کہ گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔
حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور عبد المالک ولد عبد الکریم سکنہ پنجگور موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ گاڑی میں لدے تیلوں سے بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ہوسکی۔