بلوچستان کے مکران ڈویژن میں میں بجلی بحران شدت اختریار کرنے سے لوگ گرمی سے بے حال ہوگئے۔
پنجگور میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ 24 گھنٹوں کے دوران علاقے کو بمشکل صرف آدھا گھنٹہ یا ایک گھنٹہ بجلی فراہم کی جاتی ہے جبکہ وولٹیج کی کمی اور بار بار کی آنکھ مچولی سے بجلی کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
جب سے مکران کو ایران سے کم میگاواٹ بجلی ملنا شروع ہوئی ہے، پنجگور اور پورے مکران میں بجلی کا بحران شدید تر ہوگیا ہے۔
شدید گرمی میں عوام پانی کے ایک گھونٹ کے لئے ترس گئے ہیں، اسکولوں میں بچوں کی حالت بھی خراب ہوچکی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور وفاقی حکومتیں اور کیسکو حکام نے اس بحران کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کو مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ سے مکران کو بجلی فراہم کرنے کے بجائے ایران سے آئی ہوئی بجلی پورے ملک میں منتقل کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔
عوامی حلقوں نے بلوچستان اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجگور میں بجلی کے بحران کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔