پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک سے ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال میں کردار ادا کرنے کی ہامی بھرلی ہے۔
نواز شریف سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے لاہور میں ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے خواتین کی گرفتاری اور دیگر مسائل پرگفتگو کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر مالک نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو نوازشریف سے مسائل کےحل کی امیدیں ہیں، بلوچستان کے مسائل کے حل کےلیے مل کر کام کرنا ہوگا، نواز شریف نے بلوچستان کی صورتحال میں کردار ادا کرنے پرآمادگی ظاہر کی ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نوازشریف اور دیگرکا شکرگزار ہوں کہ روایت کے مطابق ہمارا استقبال کیا، ہم نے نواز شریف کو کہا کہ بلوچستان کی صورتحال پر ان کا کردار بہت اہم ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملاقات میں بلوچستان میں جاری دھرنے اور جیلوں میں قید لوگوں سمیت سیاسی معاملات پر تفصیلی بات کی ہے، نواز شریف اس معاملے پر کردار ادا کرنے کے لیے راضی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے بلوچستان جاکر لوگوں سے ملاقات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اس کو سیاسی طریقے سے حل ہونا چاہیے۔