بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6387ویں روز جاری ہے۔
سیاسی و سماجی شخصیت سوریش بگٹی نے کیمپ کا دورہ کرکے جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ تنظیمی سطح پر یکم اپریل 2026 کو کلی کشمیر آباد سے جبری لاپتہ ہونے والے کامران خان کا کیس کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز کے ہیڈ آفس اسلام آباد، صوبائی حکومت بلوچستان، محکمہ داخلہ بلوچستان اور کمیشن کے بلوچستان چیپٹر کے ڈپٹی رجسٹرار کو فراہم کردیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے کامران خان سمیت دیگر جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔