پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے نزدیک شیر شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی 14 کوچز پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کم اور بیش چار افراد ہلاک اور ایک درجن مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرین میں سوار دیگر مسافروں کے لیے عارضی رہائش اور کھانے پینے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ریلویز کے حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز (ایف جی آئی آر) اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے، اور تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے حادثے کی وجوہات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حادثے سے متاثرہ ٹریک کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں اور متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، انہیں ہر ممکن امداد دی جائے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق جائے حادثہ پر ڈویژن کے تمام افسران اور عملہ موجود ہے جبکہ ٹرین آپریشن فی الحال براستہ لودھراں جاری رکھا گیا ہے۔