بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سامی کے علاقے بلوچی بازار کے رہائشی 60 سالہ عبدالرشید ولد فقیر گزشتہ 33 روز سے لاپتہ ہیں۔ ان کی بازیابی کے لیے لواحقین خواتین نے ضلعی انتظامیہ کو تین روز کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں بازیابی نہ ہونے کی صورت میں سی پیک کی بندش سمیت مختلف احتجاجی اقدامات کیے جائیں گے۔
لواحقین خواتین کے مطابق عبدالرشید 33 روز قبل اپنی موٹرسائیکل پر سبزیاں پہنچانے کے لیے سامی ہوٹل جا رہے تھے، تاہم ہوٹل پہنچنے سے قبل ہی وہ موٹرسائیکل سمیت لاپتہ ہوگئے۔ اس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
لواحقین نے بتایا کہ اس معاملے پر وہ متعدد بار ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرچکے ہیں، تاہم تاحال ان کی شنوائی نہیں ہوئی اور عبدالرشید کی بازیابی کے لیے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کے دوران بھی اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ اگر آئندہ تین روز کے اندر عبدالرشید کو بازیاب نہ کرایا گیا تو سی پیک کی بندش سمیت دیگر ذرائع سے احتجاج کیا جائے گا۔
لواحقین خواتین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالرشید کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور خاندان کو درپیش پریشانی اور بے یقینی کی کیفیت ختم کی جائے۔