کوئٹہ: آن لائن کلاسز کا فیصلہ واپس، آج بند یونیورسٹیز کو کھول دیئے جائینگے

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے مر کزی شہر کوئٹہ کی تین یونیورسٹیوں نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر فزیکل کلاسوں کی بجائے آن لائن کلاسز کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ تو کیا تاہم ایک روز بعد انھیں اپنے اس فیصلے کو واپس لینا پڑا۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں غیر معیاری انٹرنیٹ کی وجہ سے نہ صرف طالب علموں کو اس فیصلے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ طلبا تنظیموں کی جانب سے بھی اس کی مخالفت کی گئی۔

جن یونیورسٹیوں نے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ان میں یونیورسٹی آف بلوچستان، سردار بہادرخان وومن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مینیجمنٹ سائنسز شامل تھے۔

ان یونیورسٹیوں کے اہم عہدوں پر فائز اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تینوں یونیورسٹیوں نے فزیکل کلاسز کو معطل کرنے اور آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کیا۔

اس حوالے سے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مینیجمنٹ سائنسز کی جانب سے باقاعدہ ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق بڑھتے سکیورٹی خدشات، طلبا اور ملازمین کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس فیصلے کے مطابق یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ کی سہولت کو تاحکم ثانی معطل کرنے کے ساتھ ساتھ فزیکل کلاسز کے انعقاد کو عید الفطر کے بعد تک معطل کیا گیا تھا۔

بہتر اور معیاری انٹرنیٹ سہولت کی فقدان کی وجہ سے طلبا اور ان کی تنظیموں نے کوئٹہ کی بڑی یونیورسٹیوں میں فزیکل کلاسز کی معطلی کے فیصلے کی مخالفت کی۔

بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین بالاچ قادر بلوچ نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ ان کی تنظیم کے وفد نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے رجسٹرار سے باقاعدہ ملاقات کی اور یونیورسٹی انتظامیہ سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں سرے سے انٹرنیٹ کی سہولت نہیں۔ ان علاقوں کے طلبا کو لازماً کسی اور شہر میں کلاسز لینے کے لیے جانا پڑے گا جہاں انٹرنیٹ کی بہتر سہولت ہو۔

انھوں نے بتایا کہ بلوچستان کی حد تک آن لائن کلاسز کا فیصلہ ایک ناقابل عمل فیصلہ ہے جس کی وجہ سے طلبا نے اس کی مخالفت کی اور طلبا کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری طور پر فزیکل کلاسوں کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔

طلبا تنظیموں کی جانب سے مخالفت کی وجہ سے 18مارچ کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کے فیصلے کے نوٹیفیکیشنز کو ایک روز بعد واپس لیا گیا ۔

یوینورسٹی آف بلوچستان اور بلوچستان یونیورسٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مینیجمنٹ سائنسز کے نوٹیفیکیشنز میں یہ کہا گیا ہے کہ طلبا کی درخواست اور انٹرنیٹ کے حوالے سے مشکلات کی وجہ سے آن لائن کلاسز شروع کرنے کے فیصلے کو واپس لیا جاتا ہے۔

ان نوٹیفیکشنز کے مطابق 20 مارچ سے یونیوسٹیوں میں دوبارہ فزیکل کلاسز شروع کیے جا رہے ہیں۔

Share This Article