پاکستانی فوج کا 155 مسافروں کی بازیابی، 27 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستا نی فوج نے بدھ کی صبح دعویٰ کیا ہے کہ منگل کی دوپہر جعفر ایکسپریس پر حملے میں یرغمال بنائے جانے والے مسافروں میں سے اب تک 155 افراد کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

جبکہ بی ایل اے کا کہنا کہ انہوں نے متعددسویلین کو چھوڑ دیا ہے ۔

رہاہونے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں حملہ آوروں نے یہ کہہ خود چھوڑ دیا ہے کہ وہ سویلین خواتین ،بوڑھے اور بچوں کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

حملے کا نشانہ بننے والے ریل گاڑی پر 400 سے زیادہ مسافر سوار تھے اور تاحال یہ واضح نہیں کہ بقیہ افراد ریل گاڑی پر ہی موجود ہیں یا نہیں۔

پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے امور داخلہ طلال چوہدری نے منگل کی شب بتایا تھا کہ حملہ آور کچھ مسافروں کو اغوا کر کے پہاڑوں میں لے گئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور اس دوران اب تک 27 حملہ آوروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے بھی متعدد سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔اور ان کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کا اب تک کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک کی کارروائی میں بازیاب کروائے جانے والے افراد میں سے 37 زخمیوں کو علاج کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ آور افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں اور حملہ آوروں میں شامل خود کش بمبار یرغمالی مسافروں کے پاس موجود ہیں۔

Share This Article