کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا حق حاصل نہیں، اقوامِ متحدہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اقوامِ متحدہ کے عالمی بحری جہاز رانی کی حفاظت اور سلامتی کے ذمہ دار ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کو قانونی طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا حق حاصل نہیں۔

یاد رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں ’ایران کے پورے ساحلی علاقے‘ کی ناکہ بندی کر رہے ہیں جس میں ایرانی بندرگاہیں اور تیل کے ٹرمینلز بھی شامل ہیں۔

عالمی بحری تنظیم (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل آرسینیو دومینگیز نے کہا کہ اگرچہ امریکی ناکہ بندی کا مقصد ’بظاہر ایرانی بندرگاہوں تک رسائی محدود کرنا‘ ہے لیکن قانونی نقطۂ نظر سے کسی بھی ملک کے پاس اس آبی گزرگاہ کو بند کرنے کا کوئی حق نہیں۔

لندن میں آئی ایم او کے ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اُنھوں نے کہا: ’بین الاقوامی قانون کے مطابق، کسی بھی ملک کو کسی ایسی بین الاقوامی آبی گزرگاہ کی ناکہ بندی کا حق حاصل نہیں جو عالمی جہاز رانی کے لیے استعمال ہوتی ہو۔‘

آرسینیو دومینگیز کا مزید کہنا ہے کہ اگرچہ امریکی ناکہ بندی سے قبل بھی بہت کم جہاز آبنائے ہرمز سے گزر پا رہے تھے لیکن امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی تازہ ترین ’رکاوٹ‘ موجودہ بحران کا کوئی حل پیش نہیں کرتی۔

Share This Article