بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پیر کے روز کمشنری روڈ پر پاکستانی سیکورٹی فورسز کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون ہلاک ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق حمیدہ نامی خاتون سڑک عبور کر رہی تھیں کہ اسی دوران سیکیورٹی فورس کی گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔
واقعے کے بعد خاتون کو تشویش ناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔
سیکیورٹی فورسز نے موقف اختیار کیا کہ خاتون سڑک عبور کرتے وقت احتیاط نہیں برت رہی تھیں جس کے باعث اچانک گاڑی سے ٹکرا گئیں۔ اورواقعے پر سیکیورٹی فورسز کو افسوس ہے اور وہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے تاکہ حادثے کی نوعیت اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں بچے اور دیگر شہری پاکستانی فورسز کی تیز رفتار گاڑیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے شکایات سامنے آئی ہیں کہ پاکستانی فورسز کی گاڑیاں آبادیوں اور مصروف شاہراہوں پر تیز رفتاری سے چلائی جاتی ہیں، جس کے باعث متعدد مرتبہ شہریوں کو نقصان پہنچ چکاہے۔