بلوچستان کے علاقے وڈھ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر مینگل ،سردار زادہ گورگین مینگل ، تاجروں سمیت سینکڑوں افراد کے خلاف حکومت بلوچستان کی جانب سے درج کئے گئے ایف آئی آرز واپس لے لئے گئے ۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایف آئی آرز واپس لے لئے اور نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضع رہے کہ گذشتہ روزاختر مینگل وڈھ پولیس تھانے پہنچے اور گرفتاری پیش کی لیکن اسے گرفتار نہیں کیاگیا جس پراختر مینگل نے دھرنا دیا اورکہا کہ یا مقدمات ختم کئے جائیں یا ہمیں گرفتار کیا جائے۔
دھرنے میں وڈھ کے قبائلی رہنماء تاجر برادری عوام ،پارٹی تحصیل وڈھ کے کابینہ وضلع خضدار کے کابینہ کے ارکان مرکزی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت بارہ سو لوگوں پر نو ایف ائی آریں درج کی گئی ہیں ان میں بچوں سمیت ان لوگوں کے نام بھی شامل ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔
ایف آئی آرز میں روڈ بلاک کرنے، لوگوں کو اغوا کرنے سمیت پولیس والوں سے اسلحہ چھننے انھیں زدوکوب کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے ۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ جب تک گرفتار نہیں کیا جاتایاایف آئی آرز کوختم نہیں کیا جاتا تب تک دھرنا جاری رہے گا۔