بلوچستا ن کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقوں کلی قمبرانی اور سریاب میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی ) کی جانب سے عوامی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں پمفلٹس تقسیم کرکے لوگوں کو تنظیم کی قیادت کی ایک سالہ حراست، عدالتی رویے میں مبینہ جانبداری،بی وائی سی کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن اور بلوچستان میں جاری مظالم سے آگاہ کیا گیا۔
مہم کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ بلوچستان میں حقیقی عوامی سیاست پر مکمل پابندی عائد ہے۔
مقررین کے مطابق عوام کی آواز بننے کے جرم میں بی وائی سی کے رہنماؤں کو گزشتہ ایک سال سے ریاستی حراست میں رکھا گیا ہے اور مختلف بہانوں کے ذریعے انہیں منصفانہ ٹرائل کے آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
شرکاء نے اس صورتحال کو بلوچستان میں جاری ہنگامی حالات کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی وائی سی اس مشکل وقت میں پوری قوت اور قومی عزم کے ساتھ بلوچ قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
تنظیم نے عوام سے اپیل کی کہ تمام تر مشکلات کے باوجود منظم، ثابت قدم اور باہمت رہیں اور نسل کشی اور جبر کے خلاف جاری اس مزاحمتی تحریک سے جڑے رہیں۔