کوئٹہ: عید کے پہلے روز وی بی ایم پی کا احتجاج، لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

عیدالفطر کے پہلے روز، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کی جانب سے روایتی احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا، جس میں جبری گمشدگیوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بازیابی اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی روک تھام کا مطالبہ کیا گیا۔

مظاہرے میں شریک لاپتہ افراد کے لواحقین نے کہا کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر احتجاج کرنے کا مقصد دنیا کو اپنے دکھ اور تکلیف سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ ذمہ داران کو احساس ہو اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے پیارے واپس نہیں آتے، ان کی عید ادھوری رہتی ہے۔

احتجاج میں لاپتہ افراد کے خاندانوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کریں اور اس سلسلے میں شفاف اقدامات کیے جائیں۔

Share This Article