عید کے روز وی بی ایم پی کا احتجاج،حوران بلوچ نے تمام طبقات سے شرکت کی اپیل کردی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے اعلان کیا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبے کے لیے عید کے روز سہ پہر 3 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس احتجاج کا مقصد بلوچ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی، جبری گمشدگیوں کے سلسلے کو ختم کرنے اور آئین کے برخلاف ماورائے عدالت قتل کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

اس سلسلے میں وی بی ایم پی کے سیکر ٹری جنرل حوران بلوچ نے تمام سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کریں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اپنی آواز مؤثر انداز میں اٹھائیں۔

یاد رہے کہ وی بی ایم پی گزشتہ ایک دہائی سے عید کے روز احتجاجی مظاہرے منعقد کرتا آرہا ہے۔

ہر سال لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے جبری لاپتہ پیاروں کے لیے نئے کپڑے اور جوتے بھی ساتھ لاتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ شاید اس مقدس تہوار پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کے پیاروں کو رہا کر دیا جائے۔ مگر افسوس کہ وہ ہر بار خالی ہاتھ لوٹتے ہیں، اور ان کی یہ تکلیف اور انتظار بدستور جاری ہے۔

Share This Article