بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گزشتہ مہینے 10افرادقتل اور19 افرادکے اغوا کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ پولیس بلوچستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے مہینے کے دوران کوئٹہ میں قتل کے 10،اغواکے 19،ڈکیتی کے 4،چوری کے 18 جبکہ لوٹ مار کے21 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ غیرت کے نام پر قتل کا ایک ،گاڑیاں چھیننے اور چوری کے 6 جبکہ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کے 97 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
جرائم کے ان بڑھتے واقعات کے پیش نظر پولیس نے اپنی کارکردگی کی رپورٹ بھی جاری کردی ہے جس کے مطابق پولیس نے ماہ جنوری میں مختلف واقعات میں541 افراد کو نامزد کیا جبکہ 300 سے زائد افراد گرفتار ہوئے پہلے ماہ کے دوران 6 گاڑیاں جبکہ 29 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، جرائم کے ان بڑھتے واقعات پر متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، لیکن پولیس نے بروقت کارروائیاں کر کے چوری شدہ مال کو ریکور بھی کیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ کے مطابق گزشتہ ماہ سر یاب میں ہو نے والی چوری کی واردات میں ہمیں کا میابی ملی۔ چند روز قبل گاڑی چھینے والوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لے لیا گیا۔