بلوچستان کے علاقے قلات میں پاکستانی فورسز پر حملے میں 18 اہلکاروں کی ہلاکت پر پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوابی کارروائی کا پیغام دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ایم ایچ میں اس حملے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ’وہ جو اپنے غیرملکی آقاؤں کی ’پراکسیز‘ بنے ہوئے ہیں ان دہرے معیار والوں کو ہم خوب جانتے ہیں۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ ’یہ نام نہاد ’دوست نما دشمن‘ چاہے کچھ بھی کر لیں، انھیں ہماری قابل فخر قوم اور فوج کی مزاحمت کے سامنے ہر صورت شکست ہو گی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اپنے وطن اور اس کے عوام کے لیے ہم یقیناً (ان حملوں کا) جواب دیں گے اور جب بھی ضرورت ہو گی اور جہاں پر بھی آپ ہوں گے ہم آپ کا تعاقب کر کے شکست سے دوچار کریں گے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران آرمی چیف کو بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف کے ساتھ اس بریفنگ میں فوج کے دیگر سینیئر سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام بھی موجود تھے۔
آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے مارے جانے والے سکیورٹی اہلکاروں کے جنازوں میں شرکت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگیچر میں جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب ہونے والے دو حملوں میں سکیورٹی فورسز کے کم از کم 18 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آئی ایس پی آر کے دعوے کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں مختلف آپریشنز میں 23 ’عسکریت پسند‘ بھی مارے گئے ہیں۔
بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے سکیورٹی فورسز پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔