بلوچستان سے اسلام آباد جانے والی مسافر بسوں پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔
کوچ مالکان کے مطابق کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی مسافروں بسوں پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کی، مسافر بس نہ رکنے پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے خاتون ہلاک جب کہ 4 افراد زخمی ہوئے۔
فائرنگ کا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب درابن کے مقام پر پیش آیا۔
کوچ مالکان کا کہنا ہے کہ 50 سے زائد مسلح ڈاکوئوں نے اسلام آباد جانے والی کوچز کو لوٹنے کے لیے روکنے کی کوششیں کیں اور نہ رکنے پر گولیاں چلا دیں۔
دوسری جانب ضلع نوشکی کے قاضی آباد چاغی اسٹاپ پر ٹیلی نار کمپنی کے موبائل ٹاور کو نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے نشانہ بنا کر ناکارہ کرنے کی کوشش کی۔
حملہ آوروں نے ٹاور کی مشینری کو نذر آتش کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔
ایس ایچ او نے شہر کے تمام موبائل ٹاورز کے عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں اور اپنی سیکیورٹی کو مزید سخت کریں۔
یاد رہے کہ نوشکی سٹی میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں موبائل ٹاورز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
پولیس حکام نے اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات بڑھا دیے ہیں۔
بلوچستان میں بھر موبائل فون ٹاورز پر حملوں اور اس کے مشینریز کونذرآتش و ناکارہ بنانے کی ذمہ داریاں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں لیکن اب اک اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔