بساک کا سہیل و فصیح بلوچ کی عدم بازیابی کیخلاف احتجاج کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

بساک نے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں تین سالوں سے جبری گمشدگی کے شکار طلباسہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی عدم بازیابی کیخلاف کوئٹہ میں 2 روزہ کیمپ اور دیگر شہروں میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزی ترجمان بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک)نے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کے دو طالبعلم سہیل اور فصیح بلوچ جو گزشتہ تین سالوں سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں، ان کو 1,2 نومبر 2021 کی رات جامعہ بلوچستان کوئٹہ سے جبراً گمشدہ کیا گیا تھا۔

ان کی عدم بازیابی پر شدید تحفظات ہیں، صوبائی حکومت کی یقین دہانی اور پارلیمنٹ میں ان کی بازیابی کیلئے گھنٹوں طویل گفتگو کے باوجود آج تین سال گزرنے کے بعد بھی بے قصور بلوچ طلباء کو رہائی نہیں ملی ہے جو کسی بھی المیہ سے کم نہیں ہے۔ طلباء کو یونیورسٹیوں سے اٹھا کر کال کوٹھڑیوں میں بند کرنا قانون اور انصاف کے ساتھ سنگین مزاق ہے جسے بند ہونا چاہیے۔ سہیل اور فصیح کو آج سے تین سال قبل 2021 کو بلوچستان یونیورسٹی کے احاطے سے جبری طور پر گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ۔

جن کی بازیابی کیلئے لواحقین سمیت طلباء تنظیموں نے یونیورسٹی کے اندر دو مہینے تک احتجاج ریکارڈ کرایا جس میں ایک مہینے کی احتجاجی دھرنا شامل ہے جہاں حکومت کی اس یقین دہانی پر احتجاج موخر کیا گیا کہ سہیل اور فصیح کو 15 دن کے اندر بازیاب کیا جائے گا، ہمیں اس بات کی یقین دہانی دی گئی کہ انہیں علم تھا کہ وہ کہاں اور کس کے پاس ہیں لیکن بدقسمتی سے بلوچستان میں بندوق کے زور پر تمام فیصلے ہوتے ہیں اور مقتدرہ قوتیں جب چاہے کسی بھی طلباء کو ماورائے عدالت حراست میں لیکر جبری گمشدگی کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔

اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہے کہ عدالتوں سے لیکر دیگر تمام ادارے اس ناانصافی کے خلاف ایکشن لینے سے مکمل طور پر قاصر ہیں۔ جب طلباء اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرتے ہیں تو انہیں ڈرایا دھمکایا جاتا ہے جبکہ وہ طلباء جو پرامن طور پر اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہوتے ہیں انہیں جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سہیل اور فصیح کو بلوچستان کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے کے ہاسٹل کے احاطے سے اٹھا کر جبری گمشدگی کا نشانہ بنانا جو بلوچستان میں تعلیمی نظام کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔

اُس وقت کے صوبائی حکومت کے 15 دن اب تین سال میں تبدیل ہوگئے ہیں لیکن سہیل اور فصیح کے حوالے سے اب تک کسی کو علم نہیں ہے۔ اسی حوالے سے طلبہ تنظیمیں سمیت لواحقین انصاف کے ہر دروزے کو دستک دیتے آرہے ہیں جس میں عدالت میں کیس کا چلنا سمیت کمیشن میں اس کیس کو اجاگر کرنا شامل ہے جہاں بلوچ طالبعلموں کی بازیابی کے حوالے ایک کمیشن بنائی گئی تھی مگر اب تک صرف تاریخ ہی دی جارہی ہے اور کوئی موثر پیش رفت دیکھائی نہیں دے رہے۔ جبکہ دوسری طرف طالبعلموں کی بازیابی کے لئے مختلف ادار میں احتجاج و سوشل میڈیا کیمپئین کا انعقاد ہوتا آرہا ہے مگر بد قسمتی سے مایوسی کے سوا اور کچھ نہیں ملاہے۔

بلوچستان میں جبری گمشدگی ایک سنگین مسئلہ بن چکاہے جس میں ہزاروں طلباء شکار ہوئے ہیں اور ہزاروں زہنی امراض میں مبتلہ ہیں۔ سہیل اور فصیح بلوچ جیسے ہونہار طلباء جو اپنے تعلیمی کیرئیر کے لئے بڑے شہروں کا رخ کرتے ہیں مگر وہ اب کال کوٹڑیوں میں زندگی بسر کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم تمام اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سہیل اور فصیح بلوچ کی بازیابی کیلئے آواز بلند کریں جو ناکردہ جرم کی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے تنظیم کی جانب سے بلوچستان یونیورسٹی کے اندر دو روزہ کیمپ کا انعقاد سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں میں احتجانی ریلیاں نکالی جائیں گی اور سوشل میڈیا میں کیمپئن سمیت ایکس اسپیس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ تمام طالب علم اور انسان دوست افراد سے شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment