امریکا کا یوکرین کو مزید 5 ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا اعلان

0
24

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے روس کی جارحیت کے شکار یورپی ملک یوکرین کو اپنی سر زمین کے دفاع کے لیے مزید پانچ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں زمین سے فضا کو محفوظ بنانے والے پیٹریاٹ دفاعی نظام کی تین اضافی بیٹریز بھی شامل ہیں جو امریکہ، جرمنی اور رومانیا فراہم کر رہے ہیں۔

صدر بائیڈن نے یہ اعلان اس وقت کیا جب امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد ’نیٹو‘ کا تین روزہ اجلاس منگل کو شروع ہو گیا ہے۔

نیٹو کی سالگرہ کی تقریبات کے لیے واشنگٹن ڈی سی کے میلن آڈیٹوریم کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں 1949 میں نیٹو اتحاد کے قیام کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

نیٹو کے اجلاس کے ایجنڈے میں سرِ فہرست روس کی غیر قانونی در اندازی میں یوکرین کی حمایت ہے۔

امریکہ، جرمنی، نیدر لینڈز، رومانیا اور یوکرین کے رہنماؤں نے منگل کو ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق نیدرلینڈز اور دیگر اتحادی ممالک یوکرین کے لیے پیٹریاٹ دفاعی نظام کو بنانے کے لیے آلات اور پرزے فراہم کریں گے جب کہ اٹلی دفاعی نظام ’ایس اے ایم پی ٹی‘ فراہم کر رہا ہے۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے اپریل میں نیٹو ممالک سے کہا تھا کہ روس کی فضائی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو کم از کم سات پیٹریاٹ میزائل سسٹم یا انتہائی بلندی پر فضائی حدود کے دفاع کے نظام درکار ہیں۔

نیٹو میں شامل اتحادی ممالک کا کہنا ہے کہ وہ دفاعی نظام بنانے اور جلد از جلد فراہم کرنے کے حوالے سے یوکرین کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

اتحادی ممالک کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں برس کے آخر تک یوکرین کو مزید ایک اسٹرٹیجک دفاعی نظام فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here