ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے قریب جنگی سازو سامان بنانے والی کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب ایردوان کے مطابق حملہ آوروں نے سرکاری ادارے کی عمارت کے اندر داخل ہو کر بم پھینکے اور فائرنگ کی ۔
بدھ کو روس کے شہر کازان میں برکس اجلاس کے موقع پر روسی صدر پوٹن کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ وہ اس سفاکانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
دوسری جانب ترک وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق حملے کے دوران 2 حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔
انقرہ کے حکام کے مطابق حملے کے بعد آپریشن مکمل ہو گیا، تاہم فی الحال مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔
حملے کی تاحال کسی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی، تاہم ماضی میں کرد عسکریت پسند اور داعش ترکیہ میں اس نوعیت کے حملوں کی ذمے داری قبول کرتے رہے ہیں۔