بلوچستان کے علاقوں ڈیرہ مراد جمالی،وڈھ اور پنجگور میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈیرہ مراد جمالی میں یجوانی جمالی اور عمرانی قبائل کے دو گروپوں میں واٹر کورس کے معاملے پر فائرنگ سے جمعیت علما اسلام اوستہ محمد کے سرپرست اعلیٰ اسلم عمرانی ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق منگولی پولیس تھانہ کی حدود ٹرمنڈی میں عمرانی اور یجوانی جمالی قبائل کے دو گروپوں میں زرعی پانی کے واٹر کورس کے تنازع پر فائرنگ ہوئی جس کے باعث جمعیت علما اسلام اوستہ محمد کے سرپرست اعلیٰ اسلم عمرانی گولیاں لگنے کے باعث ہلاک ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر لاش کو سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچایا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔
پنجگور کے علاقے دازی بونستان میں زمین کے تنازع پر بھائیوں میں جھگڑا اور تشدد سے ایک بھائی ہلاک ہو گیا ۔
پولیس کے مطابق مقتول اکرام ولد الہی کا اپنے سگے بھائی کے درمیان زمین کے مسئلے پر تنازع چل رہا تھا جس پر دوسرے بھائی نے لاتوں مکھوں سے تشدد کرکے اپنے بھائی اکرام کو مار دیا۔
پولیس کے مطابق واقع کے بعد ملزم فرار ہوگیا جسکی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپہ ماررہی ہے ۔
خضدار کے تحصیل وڈھ کے علاقہ کلی صالح محمد میں ہفتے کی رات ایک شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمود ولد کفایت اللہ لانگو کلی صالح محمد کے نام سے ہوگئی۔
مقامی انتظامیہ نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔