مصرراہداری پر اسرائیلی قبضے کے بعد رفح پربمباری

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read
فوٹو: ای پی اے

جمعرات کو غزہ کا جنوبی علاقہ رفح شدید گولہ باری اور فائرنگ سے ہل کر رہ گیا جبکہ اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مصر کے ساتھ فلسطینی سرزمین کی سرحد کے ساتھ ایک اسٹریٹجک گزرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے۔

اسرائیل نے مئی کے اوائل میں رفح میں پناہ گزین شہریوں کی حفاظت پر بین الاقوامی اعتراضات کے باوجود شہر میں اپنی فوجی دراندازی شروع کی ہے۔

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر رفح کے ایک پناہ گزین کیمپ پر اس حملے کے بعد جس کے نتیجے میں کیمپ میں آگ بھڑکی اور درجنوں افراد ہلاک ہو گئے اس کی بین الاقوامی سطح پرمذمت جاری ہے۔

اسرائیل نےبدھ کے روز کہا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ-مصر سرحد کے ساتھ 14 کلومیٹر (8.5 میل) فلاڈیلفی کوریڈور پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس کا الزام ہے کہ اس راہداری کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

اسرائیل کے فوجی ترجمان ڈینیل ہگاری نے کہا، "فلاڈیلفی راہداری حماس کے لیے ایک آکسیجن لائن کا کام کرتی تھی، جسے وہ غزہ کی پٹی کے علاقے میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے باقاعدگی سے استعمال کرتا تھا۔

مصر نے، جو اس تنازع میں دیرینہ ثالث رہا ہے، بفر زون کے نیچے اسمگلنگ سرنگوں کےدعووں کو مسترد کر دیا ہے ۔

مصر کی حکومت سے منسلک، القاہرہ نیوز ٹی وی نے بدھ کو مصر کے ایک "اعلی سطحی” ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ” اسرائیل ان الزامات کو فلسطینی شہر رفح پر آپریشن جاری رکھنے اور سیاسی مقاصد کے لیے جنگ کو طول دینے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔”

مصری حکام نے کہا ہے کہ فلاڈیلفی پر ممکنہ اسرائیلی قبضے سے دونوں ممالک کے 1979 کے امن معاہدے کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے، اگرچہ فوج کے اعلان کے بعد سے قاہرہ کی جانب سے کوئی سرکاری تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

غزہ کی پٹی کے جنوبی کنارے پر مصر کے ساتھ واقع سرحد اس علاقے کی واحد زمینی سرحد ہے جس پر اسرائیل کا اس سے قبل براہ راست کنٹرول نہیں تھا۔

Share This Article
Leave a Comment