پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 144 نافذ،عوامی مارچ کیخلاف کریک ڈائون شروع، درجنوں افراد گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری عوامی حقوق تحریک کے سلسلے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی لانگ مارچ کی کال کو ناکام بنانے کےلئے ریاست نے کریک ڈائون شروع کر دیاہے۔

ریاست کی جانب سے گزشتہ شب سے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہے۔ میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع اور تحصیلوں سے درجنوں رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مختلف شہروں ڈڈیال، نکیال، تتہ پانی، سرساوہ، سہنسہ اور دیگر مقامات پر گرفتاریوں کے خلاف شٹر ڈاؤن اور احتجاجی ریلیوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

ڈڈیال میں مظاہرین پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ شیلنگ کے باعث مظاہرین وقتی منتشر ہوگئے، جبکہ شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہے۔ آنسو گیس کی شیلنگ سکول میں بھی کی گئی، جس کی وجہ سے درجنوں طالبات بے ہوش ہوگئیں۔ طالبات کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے گرفتار کئے جانے والوں میں سہنسہ سے مرکزی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن راشد نعیم، سرپرست اعلیٰ انجمن تاجران سہنسہ مولوی بشارت، مولوی اخلاق، کمانڈر عاب، راجہ تنویر احمد و دیگر شامل ہیں۔نکیال سے شاہنواز شیر ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما گرفتار کئے گئے ہیں۔

بھمبر سے مرکزی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن اور جے کے ایل ایف کے زونل جنرل سیکرٹری توصیف جرال ایڈووکیٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ میرپور ڈویژن سے دیگر گرفتار ہونے والوں میں سید شفقت گیلانی،ایاز کریم، عبدلرحیم ملک کونسلر، چوہدری لطیف، پروفیسر عزیز نجم، عابد اسلم، رضوان کرامت، ندیم سرفروش، وقاص دلپزیر، ساجد جرال ایڈوکیٹ، آصف جرال، آفتاب جموں کشمیری، کمال خان، شفیق چاچا، خضرعباس، عابد راجوروی، طلحل ملک، خواجہ سہیل، ناصر انصاری ایڈوکیٹ اور دیگر درجن کے قریب افراد شامل ہیں۔

ایکشن کمیٹی چکسواری کے محمدشعیب خواجہ ایڈووکیٹ،اصغرعلی راجہ،شہزادعظیم،حاجی واحدمغل،نویدچودھری اورطاہرشہزاد کوو بھی گرفتار کر کے میرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔

مظفرآباد میں بھی انجمن تاجران کے صدر اور رکن مرکزی ایکشن کمیٹی شوکت نواز سمیت دیگر رہنماؤں کے گھروں میں چھاپے مارے گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر کے پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ادھر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں شوکت نواز اور عمر نذیر عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما الیاس کشمیری نے خفیہ مقامات سے پیغامات جاری کرتے ہوئے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ گیارہ مئی سے لانگ مارچ شروع کرنے سے روکے جانے کی صورت میں پورے خطے میں غیر معینہ مدت تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ رہنماؤں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ راشن ذخیرہ کر لیں اور فیصلہ کن لڑائی کی تیاری کریں۔

دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ مظاہرین بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ افراتفری کی صورت حال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انتظامی افسروں اور وزراء نے لوگوں سے پر امن رہنے اور کسی قسم کے احتجاج میں حصہ نہ لینے کی اپیل کی ہے۔

قوم پرست اور ترقی پسند جماعتوں نے ریاستی جبر اور گرفتاریوں کو ریاستی دہشت گردی اور آمرانہ اقدام قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے اور بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر الحاق نواز جماعتوں نے لانگ مارچ کو بیرونی ایجنڈا قرار دیکر کارکنوں کو لاتعلقی کی ہدایت کر رکھی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment