پنجگور میں 2افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور میں پاکستانی فورسز نے 2 افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردیں ۔

عسکری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ شب فورسز کےساتھ جھڑپ میں مارے جانے والے 2 افراد کی لاشیں سی ٹی ڈی کے حوالے کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

پولیس کے مطابق نعشوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جنکی شناخت مسرت اور حسرت پسران علی محمد کے ناموں سے ہوگئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران سیکورٹی فورسز کے 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

اس سلسلے میں پاکستانی فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ 5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد عسکریت پسند اسد حسرت سمیت 2 مسلح افراد مارے گئے ۔جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

واضع رہے کہ اہلیان پنجگور کا کہنا تھا کہ گذشتہ شب پنجگور دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھاتھا۔

علاقائی ذرائع نے بتایاتھا کہ جمعہ وہفتہ کی درمیانی شب رات گئے پنجگورمیںدو دھماکے سنے گئے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ دھماکوں کے بعد فائرنگ کی بھی آوازیں سنی گئیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ زوردار دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں کے بعد جگہ کا تعین کیاجارہا ہے۔

اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مارے جانے والے افراد واقعی مسلح افراد تھے یا عام نہتے لوگ تھے کیونکہ متعدد مرتبہ نہتے و لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں مارے جانے کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔

دوسری جانب کسی مسلح تنظیم کی جانب سے مذکورہ جھڑپ کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

Share This Article
Leave a Comment