حکومت کی جانب سے بلوچستان میں 2 ہزار غیر حاضر اساتذہ کی برطرفی کا حکم دیدیا گیا ہے ۔
حکومی ذرائع کے مطابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فی بچے پر ماہانہ 5625 روپے خرچ کیا جاررہا ہے، فی بچے پر سالانہ 72 ہزار روپے کے لگ بھگ خرچ آتا ہے، اتنے اخراجات میں تو ہر بچہ ملک کے اعلیٰ ترین نجی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔
انہوں نے اجلاس میں 2 ہزار غیر حاضر اساتذہ کی برطرفی کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیدی۔
سرفراز بگٹی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی ، میرٹ پر ضلعی تعلیمی افسران لگائیں، اس کے باوجود اگر اساتذہ غیر حاضر پائے گئے تو سیکرٹری تعلیم کے خلاف کارروائی ہوگی ۔