تربت:پنجاب سے لاپتہ بلوچ طالب علم کی بازیابی کیلئے سی پیک شاہراہ احتجاجاً بلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے سرگودھا سے پاکستانی فورسز و خفیہ اداروں کی جانب سے لاپتہ کیے گئے بلوچ طالب علم کی بازیابی کے لیے ضلع کیچ میں سی پیک شاہراہ کو احتجاجاً بلاک کردیاگیا ہے۔

سرگودھا میڈیکل کالج میں پیتھالوجی لیب سائنسز کے طالبعلم خدا داد بلوچ ولد سراج احمد نامی طالب علم کی جبری گمشدگی کے خلاف ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جمعرات کو تجابان کرکی کے مقام پر سی پیک شاہراہ ایم ایٹ کو بلاک کردیا ہے۔

خدا داد ولد سراج احمد کو گزشتہ جمعے کی شب 8:30 بجے کے قریب ایک سفید رنگ کی کار میں الرشید ہسپتال سرگودھا کے سامنے ظفر اللہ چوک سے اغواء کیا گیا۔

خدا داد سراج کا تعلق ضلع کیچ کے علاقہ تربت کرکی سے ہے وہ سرگودھا میڈیکل کالج میں پیتھالوجی لیب سائنسز کا طالب علم ہے۔

اہل خانہ کے مطابق خداداد سراج ایک طالب علم ہیں اور وہ صوبہ پنجاب میں پڑھائی کے لیے سرگودھا میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ہیں انہیں نامعلوم وجوہات کی بنا پر مسلح افراد نے اغوا کے بعد لاپتہ کردیا اور اس کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات بھی فراہم نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک خداداد سراج کو بازیاب نہیں کیا جاتا اس کی جبری گمشدگی کے خلاف سی پیک شاہراہ ایم ایٹ پر احتجاج جاری رکھیں گے۔

سی پیک شاہراہ پر دھرنا کے باعث دونوں جانب سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد پھنس گئی ہے جب کہ درجن سے زائد گاڈیاں راستہ کھلنے کے انتظار میں سڑک کنارے کھڑی ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment