بلوچستان کے علاقے خضدار میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر حاجی علی حسن محمد حسنی نامی تاجر کو قتل کردیااور فرارہوگئے ۔
ورثانے ردعمل پر احتجاجاً لاش کے ہمراہ دھرنا دیکر قومی شاہراہ کو سنی عوامی کے ایریاسے بلاک کردیا ۔
کہا جارہا ہے کہ مقتول ایک کاروباری شخصیت تھے اور جھالاوان سبزی مارکیٹ یونین کے صدر تھے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی شب بازگیر یوسی کھنڈ خضدار میں درجن بھر مسلح افراد ان کے گھر میں گھس آئے ،تمام گھر والوں کو یرغمال بناکر گھر میں لوٹ مار کی اور مزاہمت پر حاجی علی حسن محمد حسنی کو قتل کردیا ۔
خضدار کے سیاسی وسماجی حلقوں اور انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل و دیگر تاجر رہنمائوں نے علی حسن محمد حسنی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ خضدار کے عوام مسلح رہزنوں کے رحم و کرم پر ہیں خضدار میں پہلے آئے روز ڈکیتی ہورہی تھی اب تو انہوں نے شہریوں کی جان لینا بھی شروع کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اہم سیاسی اور تاجر رہنما کو گھر میں گھس کر بے دردی سے قتل کرنا دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے۔ ان واقعات سے شہریوں میں خوف و ہراس میں مذیداضافہ ہوگا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔