پی ٹی آئی کی احتجاجی کال پر اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

پاکستانی فوج کے ہاتھوں الیکشن میں دھاندلی اور عوامی حق رائے دہی کوچوری کرکے اپنے من پسند لوگوں کو جتوانے کیخلاف پی ٹی آئی نے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دیدی ہے جس کے ردعمل پر دارلحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے ۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام جماعتوں کو عوامی معلوماتی پلیٹ فارمز سے دفعہ 144 کے نافذ العمل ہونے کی بابت آگاہ کیا جا چکا ہے۔

ان کے مطابق ’خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘

ترجمان کے مطابق خواتین اور 18 سال سے کم عمر بچے ایف نائن پارک اور ایف سکس کی طرف صبح دس بجے سے ایک بجے دوپہر تک جانے سے گریز کریں۔ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کورکمیٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاہے کہ عمران خان کو جھوٹےمقدموں میں سزا دینے، بلّے کا نشان چھین لینے اور تحریک انصاف کو زبردستی انتخاب سے باہر رکھنے کی شرمناک کوششوں کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے نو منتخب اراکینِ پارلیمان کو نہایت مضحکہ خیز تکنیکی بنیادوں پر ڈی سیٹ کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی آخری سازش میں مصروف ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کی توہین عوام قبول کریں گے نہ ہی دستور و جمہوریت کی قبریں کھودنے والوں کو کبھی معاف کریں گے۔چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر تحریک انصاف کی نہیں، صفِ اوّل کی سیاسی جماعتیں آوازیں اٹھا رہی ہیں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید کوئی جواز نہیں، فی الفور مستعفیٰ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ، دستور اور جمہوریت کی کھلی توہین کی راہ روکنا ملک و قوم کے مفاد کیلئے ناگزیر ہے۔بانی چیئرمین عمران خان نے عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین پر پوری قوم کو کل پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کل گھروں سے نکلیں اور دستور، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کی کھلی بے حرمتی کیخلاف نہایت پرامن مگر مؤثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کریں۔اپنے ووٹ کی حرمت کے تحفّظ کیلئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ کل بروز ہفتہ معمولات زندگی خصوصاً کاروباری سرگرمیوں کو معطّل رکھیں اور اپنے مسترد شدہ سیاسی عناصر کے مابین اقتدار کی بندر بانٹ کا مکروہ منصوبہ ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پیپلزپارٹی ستّر کی دہائی میں عوامی مینڈیٹ کی کھلی بے حرمتی کے ذریعے پاکستان کو دولخت کئے جانے کا کفّارہ ادا کرے۔

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم عمران خان کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور ان کی ہدایت پر مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

خیال رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا اور گذشتہ روز ان کی جانب سے وزیرِ اعظم اور پنجاب اسمبلی میں وزیرِ اعلٰی کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ’فارم 45 ثبوت ہے کہ ہمارے امیدوارجیتے ہیں مگر فارم 47 میں نتائج تبدیل کیے گئے، مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

’ہر پانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اور متنازع ہو جاتے ہیں، انتخابات کا مقصد فوت ہو گیا ہے۔‘

Share This Article
Leave a Comment