پاکستان میں لیول پلیئنگ فیلڈ صرف اشرافیہ کے پاس ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں موجود تمام سیاسی جماعتیں شکایت کرتی نظر آتی ہیں کہ اُنہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہا۔ لیول پلیئنگ فیلڈ صرف اشرافیہ کے پاس ہے۔ عوام کے پاس برابری کا موقع نہیں۔

لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں ’تھنک فیسٹ 2024‘ کے دوسرے روز ’فیسنگ دی پاپولر وِل‘ کے عنوان سے مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں اصلاحات نہیں ہوتیں، عوام کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملے گی۔ فرق صرف کوکا کولا اور پیپسی کولا کا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں اتخابات آٹھ فروری کو ہی ہوں گے اِس بارے کسی کو کوئی ابہام نہیں ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ بطور نگراں وزیرِ اطلاعات شروع دِن سے کہہ رہے ہیں کہ ملک آئین کے مطابق چلے گا اور سب کی بھلائی اِسی میں ہے کہ آٹھ فروری کو انتخابات ہوں۔

ملکی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ جو بھی نئی حکومت بنے گی اس کے سامنے اصل چیلنج سیاسی عدم استحکام کے ساتھ ملک کی معاشی بقا کا بھی ہو گا۔

بلوچستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل پر ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں اور متعلقہ فریق بیٹھ کر کوئی حل نکالیں۔ یہ کام نگراں حکومت کا نہیں ہے۔

تحریکِ انصاف کے انتخابی نشان پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عدالتی فیصلہ درست ہے۔ اگر کوئی جماعت اپنے ارکان کو حق نہیں دیتی کہ وہ جماعت کے اندر انتخابات کرے تو وہ جمہوری کیسے ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ عدالتی فیصلے پر قانونی ماہرین گفتگو کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment