پاکستان کے سینیٹ اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹرطاہر بزنجو نے بلوچ لاپتہ افراد مسئلے پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔
آج ہونے والے سینیٹ اجلاس میں نیشنل پارٹی کے سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد ایک حقیقت ہیں یہ کوئی افسانہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اب ملک گیر مسئلہ بن چکا ہے، جوابی بیانیہ تراشنے کی بجائے ذمہ داران اس مسئلہ کو ہمیشہ کے لیے حل کریں، بلوچستان کے لاپتہ افراد کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے۔
اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ چیف جسٹس بلوچ لاپتہ افراد مسئلے کا نوٹس لیں، بلوچستان میں ڈیتھ سکواڈ ختم کئے جائیں، اسلام آباد میں بلوچوں کو مارا گیا، یہ ریاستی دہشت گردی ہے، حکومت ان سے معافی مانگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک پاشی کر رہی ہے، چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ کیا بلوچ دھرنے والوں کے لیے عدالت کا دروازہ نہیں کھل سکتا؟