ایران میں اسرائیلی ایجنٹ کے الزام میں خاتون سمیت 4 افراد کو پھانسی دیدی گئی

0
128

ایران کی عدلیہ سے منسلک خبررساں ایجنسی میزان نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز ایک خاتون سمیت چار افراد کو پھانسی دے دی گئی جن پر اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد سے رابطہ رکھنے اور تخریب کار ہونے کا الزام تھا۔

ان پھانسیوں کے بعد ایران میں اس مہینے موت کی سزا پانے والے افراد کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

میزان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت سے وابستہ تخریب کار ٹیم کے چار ارکان کو قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد آج صبح پھانسی دے دی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سزا پانے والے افراد نے موساد کے عہدیداروں کی رہنمائی میں ایران کی سلامتی کو نشانہ بنانے کے لیے وسیع تر کارروائیاں کیں تھیں۔

اتوار کے روز یہ پھانسیاں، اس سے قبل دسمبر کے وسط میں ایران کے جنوبی صوبے سیستان بلوچستان میں موساد کے ایک ایجنٹ کے خلاف موت کی سزا پر عمل درآمد کیے جانے کے بعد دی گئیں ہیں۔

ایران کے نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم نے جمعے کے روز سزائے موت پانے والوں کی شناخت وفا حنا، ارم عمری اور رحمنٰ پرواز کے نام سے کی ہے جب کہ ان کے ساتھ جس خاتون کو پھانسی دی گئی ان کا نام نسیم نمازی ہے۔

نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ انہیں جس مقدمے میں پھانسی دی گئی ہے اس میں شامل مجرموں کی تعداد 10 ہے۔ تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ باقی ماندہ چھ افراد کا مقدر کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here