کوئٹہ میں مزید 2 ڈاکٹروں میں کانگووائرس کی تصدیق، بلوچستان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں مزید 2 ڈاکٹروں میں کانگووائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔

دوسری جانب حکومت نے بلوچستان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذکئے جانے کا دعویٰ کیاہے ۔

بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے ڈاکٹروں میں کانگو وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

محکمۂ صحت کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق سول اسپتال کوئٹہ کے 2 مزید ڈاکٹروں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سول اسپتال کے کانگو وائرس میں مبتلا ڈاکٹروں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق ایک نرس، ایک پیرا میڈیکس اور ایک فارماسسٹ بھی کانگو وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے بلوچستان میں کانگو وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کئے جانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کی زیرصدارت کانگو وائرس کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں اب تک کانگو وائرس کے 44کیسزرپورٹ ہوئےہیں جس کے پیش نظر بلوچستان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں کانگو وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کوئٹہ میں 2 ہفتے کے لیے نجی مذبح خانوں پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کی جائے گی اور شہری آبادی سے دور قائم مذبح خانوں میں جانورذبح کیےجاسکیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ لائیو اسٹاک کو مویشی منڈیوں میں فوری جراثیم کش اسپرےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈی ایچ او، لائیو اسٹاک افسران صورتحال پرکڑی نظر رکھیں۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی شواہدکے مطابق سول اسپتال میں ہرنائی سے تعلق رکھنے والے مریض سے وائرس پھیلا جس کے بعد سول اسپتال کے متاثرہ وارڈکو سیل کرتے ہوئے دیگر شعبوں کو خصوصی اقدامات کے تحت جراثیم سے پاک کردیاگیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کانگو وائرس سے متاثرہ2 مزید ہیلتھ کیئر ورکرزکو آج ائیر ایمبولینس سےکراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

نگران حکومت نے کانگو وائرس سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹر کو شہید قرار دیتے ہوئے پسماندنگان کے لیے مراعات کا بھی اعلان کیا۔

Share This Article
Leave a Comment