شمالی ایران میں جمعہ کی صبح منشیات کی بحالی کے ایک مرکز میں آتشزدگی سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ میں آن لائن نیوز ویب سائٹ میزان نے صوبائی چیف جسٹس اسمٰعیل صادقی کے حوالے سے بتایا کہ تہران کے شمال میں واقع گیلان صوبے کے شہر لنگرود میں منشیات کی بحالی کے مرکز میں آگ لگنے سے 27 افراد ہلاک اور 12 دیگر کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
آگ لگنے کی وجوہات کا فوری طور پر تعین نہیں کیا جاسکا لیکن چیف جسٹس اسمٰعیل صادقی نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، مزید کہا کہ مرکز میں ممکنہ طور پر 40 افراد زیر علاج تھے۔
مقامی ’اسنا‘ نیوز ایجنسی نے فوٹیج شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رات میں آسمان آتشزدگی سے روشن ہوگیا، جبکہ دھوئیں کے بڑے بڑے بادل اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔