بولان کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن کی اطلاعات ہیں ۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی زمینی فورسز نے بولان کے مختلف علاقوں جمبرو ،جنترو، بزگر اور سانگان میں آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
مقامی ذرائع زمینی فورسز نے مختلف مقامات پہ ناکے لگا کر داخلی راستوں کو بند کردیا ہے اور ہر طرح کی آمد و رفت پہ پابندی لگا دی گئی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ساتھ ہی زمینی فورسز کو دوران آپریشن جنگی ہیلی کاپٹروں کی مدد و کمک بھی حاصل ہے۔
تاہم آج صبح سے جاری آپریشن میں تاحال کسی جانی نقصان کے علاوہ کسی قسم کی گرفتاری کی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب مذکورہ علاقوں میں پاکستان آرمی کی جانب سے آئے روز آپریشن و چھاپوں سے تنگ آکر مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر دوسرے علاقوں کی جانب نقل مکانی کی ہے۔
اسی طرح پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں نے زماران کے علاقے کو محاصرے میں لیکر ہر طرح کی آمد و رفت پہ پابندی عائد کر دی ہے۔
مقامی ذرا ئع بتاتے ہیں کہ زامران کے علاقے ناگ میں پاکستانی فورسز کے نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے،گذشتہ ایک ہفتے سے علاقے کے لوگوں کو گھروں تک محصور کردیا گیا ہے ۔اورعلاقے میں آمد و رفت پر پابندی عائد کر کے مواصلاتی نظام کو بھی بند کیا گیا ہے۔
مقامی زرائع بتاتے ہیں کہ فورسز کے اہلکار اہل علاقہ کے مال مویشیوں کو زبردستی قبضہ کر کے اپنے ہمراہ لے جاتے ہیں ۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی روز سے زامران کے دیگر علاقوں تگران اور گیشردان میں بھی فوجی آپریشن کا اطلاع ہے اور علاقے مکینوں کو زبردستی علاقے سے بیدخل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔