علی مردان ڈومکی بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ منتخب

0
168

بلوچستان میں نگران وزیر اعلیٰ کیلئے علی مردان خان ڈومکی کی تقرری کی منظوری دے دی گئی ہے۔

گورنر سیکریٹریٹ کے ایک سینئر افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئےتصدیق کی کہ ’گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے سپیکر کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کرکے علی مردان ڈومکی کے بطور نگراں وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے گورنر کو آگاہ کیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی نے اکثریت رائے سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔

علی مردان ڈومکی سابق گونر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان شہید نواب اکبر خان بگٹی کے نواسے اور سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے صاحبزادے ہیں۔

کہا جارہا ہے کہ ان کا نام جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے پارلیمانی کمیٹی کو تجویز کیا تھا۔

علی مردان خان ڈومکی کا تعلق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے لہڑی کے معروف سیاسی گھرانے سے ہے۔ وہ 13 اکتوبر 1972ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد میر حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے۔

علی مردان ڈومکی نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا۔ وہ 2002ء میں تحصیل لہڑی کے بلا مقابلہ ناظم منتخب ہوئے اور 2005ء تک اس عہدے پر فائز رہے جبکہ 2005ء سے 2010ء تک ضلع ناظم سبی رہے۔

علی مردان کے بھائی میر دوستین ڈومکی 2013ء میں کوہلو سبی ڈیرہ بگٹی سے پاکستان کے رکن قومی اسمبلی بنے اور شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وزیر مملکت سائنس و ٹیکنالوجی رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here